خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کوہاٹ پولیس لائنز پر خودکش حملے کا مبینہ ماسٹر مائنڈ دہشت گرد زاہد گل ہلاک ہوگیا۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) خیبرپختونخوا کے مطابق سی ٹی ڈی لکی مروت اور سیکیورٹی فورسز نے ایف آر لکی مروت میں کارروائی کی، جس کے دوران خوارجی گل بہادر گروپ سے وابستہ اہم دہشت گرد کمانڈر زاہد گل مارا گیا۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد کوہاٹ پولیس لائنز پر ہونے والے خودکش حملے کا مرکزی منصوبہ ساز تھا۔ مبینہ طور پر اس نے حملے میں استعمال ہونے والی بارود سے بھری گاڑی کی خود رہنمائی کی تھی۔ زاہد گل دہشت گردی کے متعدد دیگر سنگین واقعات میں بھی سیکیورٹی اداروں کو مطلوب تھا۔
بینک ڈکیتی اور دیگر حملوں میں ملوث ہونے کا الزام
سی ٹی ڈی کے مطابق زاہد گل بلی تنگ میں ہونے والی بینک ڈکیتی میں بھی موقع پر موجود تھا، جہاں سے 60 لاکھ روپے لوٹے گئے تھے۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ ڈکیتی سے حاصل ہونے والی رقم بنوں کے علاقوں بکاخیل اور جانی خیل میں دہشت گردوں کے مختلف گروہوں میں تقسیم کی گئی۔
حکام نے مزید بتایا کہ زاہد گل خوارجی گل بہادر گروپ سے قریبی رابطے میں تھا اور کوہاٹ میں متعدد خودکش حملہ آوروں کی ترسیل میں بھی ملوث رہا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق تقریباً دو ماہ قبل وہ نئی کوہاٹ پولیس لائنز کو نشانہ بنانے کے لیے ایک خودکش حملہ آور لایا تھا، تاہم یہ حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی تھی۔
مزید اہداف سے متعلق اہم انکشاف
سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کے مطابق ہلاک دہشت گرد کے اگلے ممکنہ اہداف میں کوہاٹ میں پی اے ایف کا سیٹ اپ اور پولیس ٹریننگ اسکول شامل تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد نیٹ ورک کے دیگر کارندے پہلے ہی سیکیورٹی اداروں کی حراست میں ہیں۔
سیکیورٹی اداروں کے مطابق لکی مروت میں کی گئی یہ کارروائی دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں کا حصہ تھی۔ حکام نے دہشت گردی کے منصوبوں اور نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔









