3

لانگ مارچ کیلئے ایک دن میں 4 کروڑ روپے جمع ہوگئے: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 4 اکتوبر کے لانگ مارچ کیلئے شروع کی گئی چندہ مہم میں صرف ایک روز کے دوران 4 کروڑ روپے جمع ہوئے ہیں۔

پشاور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ چندہ مہم میں حصہ لینے والے افراد کے شکر گزار ہیں، یہ مہم آئندہ بھی جاری رہے گی اور لانگ مارچ کیلئے فنڈز کی کمی کا مسئلہ نہیں ہوگا۔

وزیراعلیٰ کے مطابق لانگ مارچ 4 اکتوبر کو لکی مروت سے شروع ہوگا۔ طے شدہ شیڈول کے مطابق جنوبی اضلاع سے آنے والے قافلے لکی مروت میں جمع ہوں گے اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں مارچ آگے بڑھے گا۔

انہوں نے کہا کہ قافلے 6 اکتوبر کی صبح متنی پشاور پہنچیں گے اور وہاں سے صوابی کی جانب روانہ ہوں گے، جس کے بعد اسلام آباد کی طرف پیش قدمی کی جائے گی۔

سہیل آفریدی نے لانگ مارچ کو خیبرپختونخوا کی موجودہ سیاسی اور امن و امان کی صورتحال سے جوڑتے ہوئے کہا کہ ان کے نزدیک یہ معاملہ صرف پاکستان تحریک انصاف یا عمران خان تک محدود نہیں بلکہ صوبے میں امن کے قیام سے بھی متعلق ہے۔

انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ لانگ مارچ کے دوران پرامن رہیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ شرپسندی اور انتشار کی اجازت نہیں دی جائے گی اور کارکن نظم و ضبط کے ساتھ مارچ میں شریک ہوں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی نے 4 اکتوبر کے لانگ مارچ کے حوالے سے اپنی تیاری جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ جماعت کی جانب سے جنوبی اضلاع اور دیگر علاقوں سے قافلوں کی شرکت کا شیڈول بھی سامنے آچکا ہے۔