3

ایران میں سڑک کنارے بم دھماکا، پاسداران انقلاب کے 5 اہلکار ہلاک

ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان میں سکیورٹی قافلے کے قریب سڑک کنارے دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں پاسداران انقلاب کے اہلکاروں کی ہلاکتوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

ایرانی پاسداران انقلاب نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں ایک اہلکار جاں بحق ہوا، جبکہ حملہ آوروں کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

دوسری جانب مقامی صورتحال پر نظر رکھنے والے ادارے ہالوش نے دعویٰ کیا ہے کہ زاہدان کے قریب رودماہی کے علاقے میں پاسداران انقلاب کی قدس فورس سے وابستہ فاطمیون ملیشیا کے 5 اہلکار دھماکے اور اس کے بعد فائرنگ کے واقعے میں مارے گئے۔ تاہم اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی اور ایرانی حکام نے فاطمیون کا ذکر نہیں کیا۔

رپورٹس کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب سکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی علاقے سے گزر رہی تھی۔ ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ دھماکے کے بعد مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب سیستان و بلوچستان میں حالیہ دنوں کے دوران سکیورٹی فورسز اور مسلح گروہوں کے درمیان جھڑپوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ایک روز قبل بھی زاہدان کے قریب ایک کارروائی میں ایرانی پاسداران انقلاب نے 6 مسلح افراد کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا۔

ایرانی حکام نے حالیہ واقعات میں کسی مخصوص تنظیم کو اس حملے کا ذمہ دار قرار نہیں دیا، جبکہ مقامی ذرائع کے مطابق حملے کی نوعیت اور ہلاکتوں کی حتمی تعداد سے متعلق مزید معلومات سامنے آنا باقی ہیں۔