98

کشمیر یوں کی حمایت جاری رکھیں گے‘ شاہد خاقان عباسی

مظفر آباد۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے‘کابینہ کے خصوصی اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارتی فوج کے ظلم اور بربریت پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا‘وزارت خارجہ اور تمام سفارتی سفارتی مشنز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے کے لیے متحرک ہیں‘حریت کانفرنس کے رہنماؤں اور نمائندوں کی مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کوششوں اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔بدھ کو مظفرآباد میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے نمائندوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہر سطح پر کاوشیں جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ خود اور کابینہ ارکان کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے آزادکشمیر آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کابینہ کے خصوصی اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارتی فوج کے ظلم اور بربریت پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم نے حریت نمائندوں کو بتایا کہ کابینہ کے خصوصی اجلاس میں بھارتی فوج کے ظلم اور جبر کی شدید مذمت کی گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ وزارت خارجہ اور تمام سفارتی سفارتی مشنز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے کے لیے متحرک ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے حریت کانفرنس کے رہنماؤں اور نمائندوں کی مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کوششوں اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ جس انداز سے مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی جارحیت کا سامنا کررہے ہیں وہ قابل قدر ہیں۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے شرکا کو بتایا کہ پاکستان کی حکومت چھ اہم دارالحکومتوں میں اپنے نمائندے بھیجے گی تاکہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور وہاں پر جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیا بھر میں اجاگر کیا جاسکے۔حریت رہنماؤں نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو مقبوضہ کشمیر میں حالیہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ حریت نمائندوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں خصوصاپیلٹ گنز کے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا۔ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے نمائندوں نے پاکستان کی حکومت اور وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے واقعات کا فوری نوٹس لیا گیا اور کابینہ کا خصوصی اجلاس بلایا گیا۔

حریت نمائندوں نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور کابینہ ارکان کے دورہ آزادکشمیر پر ان کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم سے حریت نمائندوں کی ملاقات میں آزادکشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر،صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان،مولانا فضل الرحمان،وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف،وزیر امور کشمیر چودھری برجیس طاہر،وفاقی وزرا مشاہد اللہ،رانا تنویر حسین اور ممتاز احمد تارڑ بھی موجود تھے۔ملاقات میں حریت رہنما غلام محمد صفی،فیض نقشبندی،محمود ساگر،اشتیاق حمید،شمیم شال اور اعجاز لون شامل تھے۔