93

فاٹا انضمام ‘ تحریک انصاف کا قبائلی علاقوں میں جلسوں کا اعلان

اسلام آباد۔پاکستان تحریک انصاف نے فاٹا کے مستقبل کے حوالے سے وفاقی حکومت پر دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے یہ اہم ذمہ داری چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مراد سعید کو سونپ دی ہے،اس حوالے سے مراد سعید نے چیئرمین تحریک انصاف سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے قبائلی علاقوں میں جلسوں کے انعقاد کی منظوری حاصل کی ۔مراد سعید باجوڑ، مہمند، خیبر اور وزیررستان جائیں گے اور چیئرمین تحریک انصاف کا پیغام قبائلی عوام کے سامنے رکھیں گے اور اس حوالے سے 15 اپریل کو باجوڑ ایجنسی میں منعقد ہ عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔

جبکہ 22 اپریل کو مہمند ایجنسی میں میدان سجے گا اور 27 اپریل کو خیبر ایجنسی میں جلسہ عام منعقد کیا جائے گا ۔اس حوالے سے وزیرستان میں 4 مئی کو عوامی اجتماع ہوگا ۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے مراد سعید کو قبائلی عوام کو بھرپور متحرک کرنے کی ہدایت کی ۔عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف قبائلی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،فاٹا کے مستقبل کا فیصلہ التواء میں ڈال کر قبائلی عوام کو محروم رکھنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔