4

سہیل آفریدی نے استعفیٰ دیا تو منظوری میں دیر نہیں ہوگی، فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ ختم کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ اس وقت امن و امان کے سنگین مسائل سے دوچار ہے اور ایسے حالات میں احتجاج مناسب نہیں۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ روزانہ لاشیں اٹھائی جارہی ہیں، اس لیے موجودہ صورتحال میں اسلام آباد کی جانب مارچ کا فیصلہ مناسب نہیں۔ ان کے مطابق اسلام آباد چڑھائی کا نتیجہ صفر ہوگا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ گزشتہ دو سال کے دوران کئی مرتبہ گورنر راج کی بات سامنے آچکی ہے، جبکہ مارچ کی تاریخ میں تبدیلی کا معاملہ بھی مسلسل زیر بحث رہا ہے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن کے قیام کیلئے تمام سیاسی و متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں اور انہوں نے افغانستان پر دہشت گردوں کی سہولت کاری کا الزام بھی عائد کیا۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے کے مفاد میں وزیراعظم سے ملاقات کی ہے اور انہیں پشاور آنے کی دعوت دی ہے۔ گورنر کے مطابق وزیراعظم سے امن و امان سے متعلق کابینہ اور ایپکس کمیٹی کے اجلاس پشاور میں منعقد کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔

سہیل آفریدی سے متعلق سوال پر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وہ جارہے ہیں یا کوئی اور آرہا ہے، اس بارے میں ان کی جماعت کے ترجمان ہی بتا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کا استعفیٰ موصول ہوا تو اسے منظور کرلیں گے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی نے اپنا اسلام آباد لانگ مارچ 27 ستمبر سے مؤخر کرکے 4 اکتوبر کردیا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی احتجاج اور سیاسی جدوجہد جاری رکھنے کا مؤقف بیان کرچکے ہیں۔