2

ایرانی قوم طاقت اور ثابت قدمی سے ہر رکاوٹ عبور کرے گی: صدر مسعود پزشکیان

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکی اقتصادی پابندیوں کے اثرات سے نمٹنے کیلئے پڑوسی ممالک کے ساتھ تجارتی اور سیاحتی روابط بڑھانے پر زور دیا ہے۔

حالیہ بیان میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکی پابندیوں کو خطے کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات، تجارت اور سیاحت بڑھانے کے ایک موقع میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ ان کے مطابق بہتر علاقائی روابط ایران کو ترقی اور معاشی استحکام کی جانب لے جاسکتے ہیں۔

ایرانی صدر نے کہا کہ مشکلات اور پابندیوں کے باوجود ایرانی عوام متحد اور پُرعزم ہیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کے دوران مخالف فریق کی جانب سے یہ توقع کی جارہی تھی کہ ایرانی عوام کمزور ہوجائیں گے، تاہم ان کے بقول عوام پہلے سے زیادہ متحد ہوکر مشکلات کا مقابلہ کررہے ہیں۔

مسعود پزشکیان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران سے متعلق مؤقف پر بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایران بیرونی دباؤ کے باوجود اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کا دفاع جاری رکھے گا۔ امریکی صدر نے حالیہ دنوں میں ایران پر دباؤ بڑھانے اور مذاکرات کیلئے شرائط سے متعلق سخت بیانات دیے ہیں۔

دوسری جانب امریکی حکام کے مطابق ایران پر عائد پابندیوں کے دائرے میں مزید اقدامات کیے گئے ہیں، جن کا مقصد تہران پر معاشی دباؤ بڑھانا ہے۔ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث ایران کی تجارت، توانائی کی ترسیل اور فضائی و بحری رابطوں پر بھی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی رابطوں کا سلسلہ بھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوا، جبکہ آبنائے ہرمز سمیت دیگر معاملات پر ممکنہ مذاکرات کے امکانات زیرِ بحث ہیں۔