11

خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بادل برسنے کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کردی، جبکہ ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

موسمیاتی رپورٹ کے مطابق منگل کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم شمالی پہاڑی علاقوں میں بعد از دوپہر مطلع جزوی ابر آلود ہونے کے ساتھ بعض مقامات پر ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع سمیت کوہستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ڈی آئی خان کے بعض علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور دن کے اوقات میں گرم رہے گا، جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں بعد از دوپہر ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر ہلکی بارش متوقع ہے، جبکہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا، تاہم مٹھی، زیارت، بابوسر اور پاراچنار میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب شدید گرمی بھی برقرار ہے، جہاں لسبیلہ میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، جبکہ حیدرآباد، خیرپور، شہید بینظیر آباد اور چھور میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔