گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بدامنی عروج پر ہے اور گورننس متاثر ہو رہی ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے اینٹی نارکوٹکس فورس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر وقاص احمد اعوان کی عیادت کی۔ اس موقع پر کمانڈر اینٹی نارکوٹکس فورس بریگیڈیئر مظہر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
گورنر نے زخمی اے این ایف افسر کی بہادری کو سراہتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں۔ انہوں نے صوبائی حکومت کی پالیسیوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ صورتحال صوبے کے مسائل میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔









