10

خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، 37 دہشت گرد ہلاک

خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف زمینی اور فضائی کارروائی کرتے ہوئے 37 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

وزارتِ اطلاعات کے مطابق کوہاٹ، ہنگو اور ٹل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران 9 دہشت گرد مارے گئے۔

بیان کے مطابق پاک افغان سرحد سے ملحقہ علاقوں میں دہشت گردوں کے تین ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جبکہ خودکش بمباروں کے تربیتی مرکز کو تباہ کردیا گیا۔

کارروائی میں متعدد خودکش بمباروں سمیت 28 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں میں موجود اسلحہ اور گولہ بارود کے ذخائر بھی تباہ کردیئے گئے۔

وزارتِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران شہریوں کے تحفظ اور جانی و مالی نقصان سے بچنے کے لیے بھرپور احتیاط کی گئی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو درپیش دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اقدامات مزید تیز کیے جائیں گے۔