پشاور (نیوز ڈیسک) — محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا کے انٹیلی جنس بیورو نے پشاور میں ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے تقریباً ایک ٹن منشیات برآمد کر لی ہے۔ محکمہ ایکسائز کے حکام کے مطابق اس بڑی کارروائی کے دوران برآمد ہونے والی منشیات میں 720 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس اور 240 کلو گرام افیون شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران جب ایکسائز اہلکاروں نے ایک مشتبہ گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزم (ڈرائیور) نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فائرنگ کر دی اور موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گاڑی وہیں چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ تاہم ایکسائز ٹیم نے فوری طور پر گاڑی کو اپنی تحویل میں لے کر جب اس کی مکمل تلاشی لی تو اس میں چھپائی گئی بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہو گئی۔
واقعے کے بعد محکمہ ایکسائز کی مدعیت میں متعلقہ ایکسائز تھانہ پشاور میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ فائرنگ کر کے فرار ہونے والے ملزم اور اس مکروہ دھندے میں ملوث دیگر مبینہ عناصر کی تلاش اور گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔









