2

اس بارجانی نقصان ہوا تو اسلام آباد کو سومناتھ بنادیں گے: جنید اکبر

پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے حوالے سے کہا ہے کہ اس بار احتجاج مختلف راستوں سے وفاقی دارالحکومت پہنچے گا۔

ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جنید اکبر نے کہا کہ کارکن موٹروے، جی ٹی روڈ، مارگلہ اور ڈی آئی خان سمیت مختلف راستوں سے اسلام آباد کی طرف جائیں گے۔ انہوں نے گزشتہ احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ حالات مختلف ہوں گے اور ان کے بقول پارٹی اپنے مطالبات کیلئے احتجاج جاری رکھے گی۔

جنید اکبر نے اپنے خطاب میں اسلام آباد کو ’’سومنات‘‘ بنانے کا جملہ بھی استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ احتجاج میں لوگ واپس چلے گئے تھے، تاہم اس بار ایسا نہیں ہوگا۔

دوسری جانب وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے جنید اکبر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پُرامن شہری قانونی طور پر اسلام آباد آسکتے ہیں، تاہم غیر قانونی اقدام، امن و امان میں خلل یا شہریوں کی جان و مال کیلئے خطرے کی صورت میں ریاست قانون کے مطابق کارروائی کرے گی۔

طلال چوہدری نے کہا کہ 27 ستمبر کے احتجاج کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا اور کسی غیر قانونی اقدام کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق ریاستی اداروں کو امن و امان برقرار رکھنے کیلئے ضروری قانونی اقدامات کا اختیار حاصل ہے۔

پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے احتجاج کے دوران قانون اور عدالتی احکامات کی پابندی پر زور دیا جارہا ہے۔