4

علی امین گنڈاپور کو حراست کے دوران بجلی کے جھٹکے دیے گئے: فیصل امین

سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے بھائی اور رکن قومی اسمبلی فیصل امین گنڈاپور نے دعویٰ کیا ہے کہ علی امین گنڈاپور کو پنجاب پولیس کی حراست کے دوران بجلی کے جھٹکے دیے گئے تھے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں فیصل امین نے علی امین گنڈاپور کی تصاویر بھی شیئر کیں اور کہا کہ وہ سابق وزیراعلیٰ کی تصاویر شیئر نہیں کرنا چاہتے تھے، تاہم بعض افراد کی جانب سے مبینہ پروپیگنڈے کے باعث انہیں یہ اقدام کرنا پڑا۔

فیصل امین کے مطابق علی امین گنڈاپور کو گردن کے پچھلے حصے پر بجلی کے جھٹکے دیے گئے تھے، جس کے باعث انہیں طویل عرصے تک تکلیف کا سامنا رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسی تکلیف کے علاج کیلئے علی امین گنڈاپور کی گردن کی سرجری کی گئی، جبکہ گردن کے پچھلے حصے پر 9 ٹانکے آئے۔

فیصل امین نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ علی امین نے اس تکلیف کو کئی برس برداشت کیا، تاہم بعد میں سرجری کے ذریعے مسئلے کا علاج کرایا گیا۔

ان کے دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق اس وقت سامنے نہیں آئی۔ متعلقہ پولیس یا سرکاری حکام کی جانب سے بھی اس الزام پر کوئی واضح مؤقف دستیاب نہیں ہے۔

فیصل امین نے مزید کہا کہ جو لوگ اس معاملے پر مختلف دعوے کررہے ہیں، انہیں بھی اپنے قریبی لوگوں کے ساتھ ایسی صورتحال پیش آنے کی تکلیف کا اندازہ ہونا چاہیے۔