3

فیفا آسیان کپ: پاکستان فٹبال فیڈریشن کا 23 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان

پاکستان فٹبال فیڈریشن نے فیفا آسیان کپ کیلئے 23 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، تاہم ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو ویزا میں تاخیر کے باعث اسلام آباد کے تربیتی کیمپ میں شریک نہیں ہوسکے۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے مطابق نولبرٹو سولانو ٹورنامنٹ سے قبل انڈونیشیا میں قومی ٹیم کو جوائن کریں گے، جبکہ ان کی غیر موجودگی میں اسسٹنٹ کوچز ٹائٹس برامبل اور ولید جاوید تربیتی کیمپ کی نگرانی کررہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیڈ کوچ نے ویزا کیلئے غلط کیٹیگری کے تحت درخواست جمع کرائی تھی، جس کی نشاندہی کے بعد نئی درخواست دی گئی، تاہم ویزا کے اجرا میں تاخیر ہوگئی۔

قومی ٹیم کی قیادت عبداللہ اقبال کریں گے جبکہ تجربہ کار فارورڈ کلیم اللہ کی بھی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

پاکستان انڈر 17 ٹیم کے کپتان عبدالصمد کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، جو حال ہی میں آذربائیجان کے کلب قرہ باغ ایف کے ساتھ دو سالہ معاہدہ کرچکے ہیں۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں تربیتی کیمپ کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کو عالمی درجہ بندی میں پاکستان سے کہیں اوپر موجود ٹیموں کے خلاف کھیلنا ہے اور یہ ٹیم کیلئے اہم موقع ہے۔

فیفا آسیان کپ 25 ستمبر سے 5 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ پاکستان کو گروپ بی میں تھائی لینڈ، فلپائن اور ویتنام کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

قومی ٹیم اپنا پہلا گروپ میچ 26 ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گی، جبکہ 29 ستمبر کو فلپائن اور 2 اکتوبر کو ویتنام کے مدمقابل ہوگی۔

پاکستان کے 23 رکنی اسکواڈ میں یوسف بٹ، حسن علی، ثاقب حنیف، عبداللہ شاہ، عبد الرحمن، علی خان، علی آغا، حیان خٹک، علی وزیر، عالمگیر غازی، علی رضا، عبدالصمد ارشد، کلیم اللہ، شائیک دوست، عبداللہ اقبال، عیسیٰ سلیمان، محب اللہ، مامون خان، محمد فضل، حارث زیب، عمر نواز، عبدالصمد اور علی خان شامل ہیں۔