7

اے این پی کا جماعت اسلامی کے دھرنوں میں شرکت کا اعلان

عوامی نیشنل پارٹی نے مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کے جاری دھرنوں میں شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے۔

اے این پی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، بڑھتی مہنگائی اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف جاری احتجاج پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے ایمل ولی خان کو مہنگائی اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنوں میں شرکت کی دعوت دی، جسے اے این پی رہنما نے قبول کرلیا اور جماعت اسلامی کی عوامی جدوجہد کو سراہا۔

ایمل ولی خان نے کہا کہ مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات پر بڑھتے ٹیکس اور لیوی کسی ایک جماعت کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری قوم کا مسئلہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں اور حکومتی پالیسیوں کے باعث عام آدمی کی زندگی مزید دشوار ہوگئی ہے۔

ایمل ولی خان نے عزم ظاہر کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی عوام کے معاشی حقوق کے تحفظ، مہنگائی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ہونے والی ہر جمہوری جدوجہد میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عوامی مسائل کے حل اور مہنگائی کے خلاف تمام جمہوری قوتوں کو مشترکہ آواز بلند کرنی چاہیے تاکہ حکومت پر عوام دوست پالیسیاں اپنانے کیلئے دباؤ ڈالا جاسکے۔

اے این پی نے ملک میں جاری مہنگائی کی لہر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کا مطالبہ بھی کیا۔