کولمبیا سے تعلق رکھنے والی ایک 67 سالہ خاتون نے اردگرد کے حالات پر نظر رکھنے اور چغلیوں کی عادت کو ایک انوکھے کاروبار میں بدل کر مبینہ طور پر دو ذاتی مکان خرید لیے ہیں۔ مریم نامی یہ خاتون روزانہ صبح سویرے اپنی نوٹ بک لے کر گھر کے باہر بیٹھ جاتی ہیں اور محلے بھر کی سرگرمیوں کا بغور جائزہ لے کر تفصیلات قلمبند کرنا شروع کر دیتی ہیں۔
کون کہاں جا رہا ہے، کس سے کیا بات ہو رہی ہے اور محلے میں کیا نیا تنازع یا معاملہ چل رہا ہے، وہ یہ تمام اہم معلومات نوٹ کرتی ہیں اور پھر یہی ’محلے کی خبریں‘ دلچسپی رکھنے والے افراد تک پہنچانا ان کی آمدنی کا مستقل ذریعہ بن چکا ہے۔ مریم کا دعویٰ ہے کہ اردگرد کے واقعات سے باخبر رہنے اور لوگوں کی معلومات جاننے میں گہری دلچسپی نے انہیں بڑا مالی فائدہ پہنچایا اور اسی کمائی و مسلسل بچت سے وہ بالآخر دو مکانات خریدنے میں کامیاب ہوئیں۔ اگرچہ اس انوکھے کام کے باعث گاہے بگاہے پڑوسیوں سے تلخ کلامی بھی ہو جاتی ہے، تاہم ان کے خلاف تاحال کوئی باضابطہ قانونی شکایت درج نہیں کروائی گئی۔









