بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 21 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 6 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق چاغی کے علاقے نوکچہ میں دہشتگردوں نے این 40 شاہراہ پر غیر قانونی ناکہ قائم کر رکھا تھا، جہاں وہ مسافروں سے بھتہ وصول کرنے اور آمدورفت میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہے تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 11 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
ترجمان کے مطابق دوسری کارروائی پشین کے علاقے زیارت کراس میں کی گئی، جہاں دہشتگردوں نے کسٹمز ہاؤس پر حملے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی میں 10 دہشتگرد ہلاک کردیئے گئے، جبکہ فرار ہونے والے دہشتگردوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں کسٹمز کے 2 افسران، ایک اہلکار سمیت 6 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ کسٹمز ہاؤس پر حملے کی کوشش دہشتگردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کی عکاسی کرتی ہے، جبکہ دہشتگرد قانونی فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے تھے۔
علاقے میں باقی دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ شاہراہوں اور مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔









