147

سپریم کورٹ میں حج کوٹہ بڑھانے کی حکومتی درخواست خارج 

اسلام آباد۔ سپریم کورٹ نے حج کوٹہ بڑھانے کے لیے حکومت کی درخواست خارج کردی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے میں غیرقانونی بات کیا ہے، کمیٹی نے فیصلہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں کیاتھا، عوام کوآرام دہ حج کی سہولت بھی ہونی چاہیے۔

منگل کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں حکومت کی جانب سے حج کوٹہ بڑھانے کی درخواست پر سماعت ہوئی جس کے لیے ڈپٹی اٹارنی جنرل سہیل محمود عدالت میں پیش ہوئے۔ڈپٹی اٹارنی جنرل سہیل محمود نے عدالت کو بتایا کہ ہائی کورٹ نے67 فیصد کوٹے کو 60 فیصد کردیا، کابینہ نے بھی کوٹہ 60 فیصد سے 67فیصد کردیا۔اس پر عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے سوال کیا کہ عدالتی فیصلے کوکابینہ کیسے غیرمؤثر کرسکتی ہے؟

ڈپٹی اٹارنی جنرل سہیل محمود نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر کمیٹی قائم کی گئی تھی اور سرکاری حج پرائیویٹ سے زیادہ سستا ہے۔سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے میں غیرقانونی بات کیا ہے، کمیٹی نے فیصلہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں کیاتھا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عوام کوآرام دہ حج کی سہولت بھی ہونی چاہیے۔