1

باجوڑ: تحصیل سلارزئی میں گھر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، لڑکی جاں بحق، باپ بیٹا شدید زخمی

باجوڑ: خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ کی تحصیل سلارزئی کے علاقے ملکانہ میں رات گئے نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر میں داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک لڑکی جاں بحق جبکہ اس کے والد اور بھائی شدید زخمی ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے گھر میں گھس کر امین الرحمان عرف اینزر کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ان کی بیٹی موقع پر دم توڑ گئی جبکہ امین الرحمان اور ان کا بیٹا گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گئے۔ ڈی ایس پی سلارزئی جمال شاہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال خار منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی باضابطہ تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔