3

میر رضا قتل کیس: جوڈیشل کمیشن تشکیل، 30 روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

میر رضا قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت ہائیکورٹ کے جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن تشکیل دے دیا گیا ہے۔ کمیشن کو واقعے کی تحقیقات مکمل کرکے 30 روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کیس کی ابتدائی پولیس تفتیش پر اہلخانہ کی جانب سے تحفظات سامنے آنے کے بعد حکومت نے معاملہ جوڈیشل کمیشن کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ کمیشن نہ صرف واقعے کے حقائق کا جائزہ لے گا بلکہ پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی تفتیش میں سامنے آنے والی خامیوں کا بھی تعین کرے گا۔

مرتضیٰ وہاب کے مطابق اہلخانہ کی درخواست پر پنجاب فرانزک لیبارٹری سے بھی شواہد کا معائنہ کرایا جا رہا ہے، جبکہ سم کارڈز، موبائل فون اور آئی واچ سے متعلق رپورٹس بھی متوقع ہیں۔

میئر کراچی نے واضح کیا کہ واقعے میں جو بھی شخص ملوث پایا گیا، اسے قانون کے مطابق سزا دلائی جائے گی اور حکومت میر رضا کے اہلخانہ کو انصاف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

حکام کے مطابق پولیس اور متعلقہ ادارے جوڈیشل کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے، جبکہ بیرون ملک موجود ڈیجیٹل ڈیٹا کے حصول کے لیے بھی متعلقہ کمپنیوں سے رابطہ کیا گیا ہے۔