3

منشیات کیس: انمول پنکی کے بھائی اور شریک ملزمہ کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری، گرفتاری کا حکم

کراچی: انسدادِ منشیات کی خصوصی عدالت نے منشیات فروشی کے مقدمے میں نامزد ملزمہ انمول عرف پنکی کے بھائی محمد ناصر اور شریک ملزمہ نسیم بی بی کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملزمان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔

کیس کی سماعت کے دوران جیل حکام نے مرکزی ملزمہ انمول عرف پنکی کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا، تاہم دیگر شریک ملزمان کی غیر حاضری پر عدالت نے تفتیشی افسر کو حکم دیا کہ وہ محمد ناصر اور نسیم بی بی کو گرفتار کر کے آئندہ سماعت پر عدالت کے روبرو پیش کریں۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے تفتیشی افسر سے مقدمے کا باضابطہ چالان بھی طلب کر لیا۔

عدالت نے کارروائی اگست کے آخری ہفتے تک ملتوی کر دی۔ پراسیکیوشن کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے سال 2019ء میں ملزمان کے خلاف منشیات فروشی اور اسمگلنگ کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔