9

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، 9 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 9 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زیارت اور ہرنائی کے درمیان پہاڑی علاقے میں خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر مؤثر انداز میں کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کا ٹھکانہ بھی تباہ کردیا گیا۔

دوسری جانب ضلع سوراب کے علاقے حاجیکہ گاؤں میں بھی سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی، جس کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دشت کٹائی اور حاجیکہ کے درمیان مؤثر ناکہ بندی کرکے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا، جس کے بعد کارروائی کی گئی۔

کارروائیوں کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے ایمونیشن، میگزین، دستی بم، واکی ٹاکی، موٹرسائیکل اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور دیرپا امن کے قیام تک دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھنے کا عزم برقرار ہے۔