پنجگور/راولپنڈی (نیوز ڈیسک) — بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مؤثر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈیز) برآمد کر کے موقع پر ہی ناکارہ بنا دیا۔ آئی ایس پی آر نے بیان میں واضح کیا کہ اس کارروائی کا بنیادی مقصد بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والی پراکسیز کا خاتمہ اور خطے میں پائیدار امن قائم کرنا ہے۔ علاقے کو مزید خطرات سے پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ 'عزمِ استحکام' کے وژن اور وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظور شدہ پالیسی کے تحت غیر ملکی معاونت سے چلنے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔









