3

اسلام آباد پولیس ٹیسٹ میں ڈیڑھ کلومیٹر دوڑ کے دوران نوجوان جاں بحق

وفاقی دارالحکومت میں پولیس بھرتی کے لیے جاری جسمانی ٹیسٹ کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 25 سالہ امیدوار اچانک گرنے کے بعد جان کی بازی ہار گیا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس لائنز میں بھرتی کے لیے جسمانی قابلیت کا امتحان لیا جا رہا تھا، جس کے دوران امیدواروں سے 1.6 کلومیٹر دوڑ کا ٹیسٹ بھی لیا جا رہا تھا۔

اسی دوران خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت سے تعلق رکھنے والا نوجوان اسحاق اچانک زمین پر گر گیا اور بے ہوش ہوگیا۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے پہنچنے پر اس کی موت کی تصدیق کردی۔

پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے امیدوار کی عمر 25 سال تھی اور وہ اسلام آباد پولیس میں بھرتی کے لیے جسمانی ٹیسٹ دینے آیا تھا۔

واقعے کے بعد بھرتی ٹیسٹ میں شریک امیدواروں اور پولیس حکام میں افسوس کی لہر دوڑ گئی۔