1

پاسپورٹ دفاتر کے باہر ایجنٹ مافیا کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 15 ملزمان گرفتار

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پاسپورٹ دفاتر کے باہر سرگرم ایجنٹ مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 15 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کے ترجمان کے مطابق گرفتار افراد شہریوں کو جلد پاسپورٹ بنوانے کا جھانسہ دے کر غیر قانونی طور پر رقم وصول کرتے تھے۔

ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ بعض ملزمان کی سرگرمیوں میں پاسپورٹ دفاتر کے کچھ اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں، جس پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق کارروائیوں کے دوران گوجرانوالہ سرکل سے 7، گجرات سرکل سے 3 جبکہ سیالکوٹ سرکل سے 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

گوجرانوالہ سرکل کی کارروائی میں گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ گجرات سرکل نے منڈی بہاؤالدین پاسپورٹ آفس کے باہر کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو حراست میں لیا۔

سیالکوٹ سرکل میں گرفتار کیے گئے ملزمان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ایف آئی اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ پاسپورٹ یا دیگر سرکاری امور کے لیے غیر قانونی ایجنٹس سے رابطہ کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔