6

بیرون ملک بھیجنے کا جھانسہ، کراچی میں فراڈ کرنے والا 7 رکنی گروہ گرفتار

شہریوں کو بیرون ملک بھیجنے کا جھانسہ دے کر رقم بٹورنے والے مبینہ 7 رکنی گروہ کو ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق کارروائی کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ایل میں کی گئی، جہاں سے ملزمان کے قبضے سے جدید اسلحہ، ایمونیشن، پولیس کی وردیاں، لیپ ٹاپ اور درجنوں پاسپورٹ برآمد کیے گئے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان مختلف ناموں سے جعلی ٹریول ایجنسیاں چلا رہے تھے اور شہریوں کو بیرون ملک بھیجنے کا وعدہ کرکے لاکھوں روپے وصول کرتے تھے۔

حکام کے مطابق متاثرین کی جانب سے رقم واپسی کا مطالبہ کرنے پر ملزمان اپنے ہی ملازمین کو جعلی پولیس اہلکار بنا کر شہریوں کو خوف زدہ کرتے تھے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان گزشتہ پانچ سال سے اس نوعیت کی سرگرمیوں میں ملوث تھے، جبکہ اب تک 50 سے زائد متاثرین سامنے آچکے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔