بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن شعبان میں سیکیورٹی فورسز کو اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، جہاں مزید 3 خارجی دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کی جانب سے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مشترکہ آپریشن شعبان جاری ہے، جس کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حالیہ کارروائیوں میں دشوار گزار علاقوں میں قائم دہشتگردوں کی کمین گاہوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں مزید 3 خارجی دہشتگردوں کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن شعبان میں ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 91 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 129 خارجی دہشتگرد مارے جا چکے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے آپریشن شعبان پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔
ذرائع نے واضح کیا کہ ملک دشمن عناصر اور دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رکھی جائیں گی۔









