76

رشوت لینے پر ایکسائز اہلکاروں کے خلاف فوری کاروائی، رقم شہری کو واپس

پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان نے رشوت کے الزام پر فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کر دیے۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز دوپہر 2 بجے صوبائی وزیر کو اطلاع ملی کہ محکمہ ایکسائز کے بعض اہلکاروں نے پشاور سے صوابی جانے والے ایک شہری سے ناجائز رقم وصول کی ہے۔

اطلاع ملنے پر صوبائی وزیر نے فوری طور پر تھانہ ایکسائز پشاور کا اچانک دورہ کیا اور موقع پر موجود اہلکاروں کی شناخت پریڈ کروائی۔ اس دوران رشوت لینے والے دو اہلکاروں کی نشاندہی کی گئی، جن سے مبینہ طور پر وصول کی گئی رقم بھی برآمد کر لی گئی۔

بعد ازاں یہ رقم متاثرہ شہری کو واپس کر دی گئی۔ اس موقع پر سیکرٹری ایکسائز خالد الیاس بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ موجود تھے۔

صوبائی وزیر نے ملوث اہلکاروں کے خلاف چارج شیٹ اور سخت کارروائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے انہیں 10 دن کے لیے کوارٹر گارڈ میں بند کرنے کی ہدایت بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کے ویژن "اختیار عوام کا" کے تحت شہریوں کو حق حاصل ہے کہ وہ کسی بھی ظلم یا بدعنوانی کے خلاف شکایت درج کرائیں، جن پر فوری کارروائی کی جائے گی۔

وزیر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بلا جھجھک اپنی شکایات متعلقہ حکام تک پہنچائیں تاکہ بروقت اور شفاف کارروائی ممکن ہو سکے۔