لاہور: سیشن کورٹ میں جوا ایپ کی مبینہ غیر قانونی تشہیر سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران یوٹیوبر رجب بٹ سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 28 اپریل تک توسیع کر دی گئی۔
ایڈیشنل سیشن جج ذوالفقار احمد نے کیس کی سماعت کی، جس میں ملزمان رجب بٹ اور ندیم مبارک عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت عدالت نے نوٹ کیا کہ این سی سی آئی کے تفتیشی افسر اور پراسیکیوٹر پیش نہیں ہوئے، جس پر کیس کی کارروائی ملتوی کر دی گئی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر اور پراسیکیوٹر کی بروقت حاضری یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔
واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف این سی سی آئی کی جانب سے مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں جوا ایپ کی غیر قانونی تشہیر کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔









