119

افغان مہاجرین کے جعلی شناختی کارڈ بنانے والے گروہ کو گرفتار

بنوں: پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے افغان مہاجرین کو پاکستانی خاندانوں کا حصہ بنا کر جعلی شناختی کارڈز بنانے والے گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔

 یہ کارروائی ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کو موصول ہونے والی مصدقہ اطلاع پر کی گئی، جس میں ایس پی سٹی توحید خان اور ایس ایچ او تھانہ سٹی ریاض خان نے پولیس ٹیم کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔

گرفتار ملزمان کی شناخت اجمل ولد عبد الرزاق، بادشاہ خان ولد لاہور خان اور افغان شہری نقیب شاہ ولد زرکلام شاہ کے طور پر ہوئی۔ پولیس کے مطابق گرفتار افغان شہری صوبہ خوست کا رہائشی ہے، جو چمن بارڈر سے غیر قانونی طور پر دراندازی کرکے بنوں پہنچا تھا۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ افغان شہریوں کو پاکستانی خاندانوں میں شامل کرانے اور جعلی شناختی کارڈز فراہم کرنے کے عوض ہر شخص کے لیے متعلقہ خاندان سے دو لاکھ روپے وصول کیے جاتے تھے۔ گروہ کے دیگر مفرور ارکان کو گرفتار کرنے کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی نے کہا کہ ملکی سالمیت اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور جعلسازی اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔