330

خیبر پختونخوا میں آرٹ اینڈ فیشن فیسٹیول کا آغاز

پشاور ۔ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کے تعاون سے غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں منعقدہ تین روزہ آل پاکستان آرٹ اینڈ فیشن فیسٹیول کا رنگا رنگ تقریب سے آغاز ہوا، افتتاحی روز طلباء و طالبا ت نے مختلف موضوع پر تھیٹر ڈرامے پیش کئے جس میں چہروں پر مختلف نقش و نگاری اور جسمانی حرمات کے ذریعے سامعین کو پیغام پہنچایا گیا، افتتاحی روز طلباء و طالبات نے فیس پینٹنگ مقابلوں میں بھی شرکت کی جس میں چہرے سمیت ہاتھوں پر بھی پینٹنگ کی گئی، فیسٹیول میں ملک بھر سے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات آج صوابی میں بیرگلی کے نئے سیاحتی علاقے میں خوبصورت مقامات کی پینٹنگ اور تھیم کی بنیاد پر مختلف پینٹنگ بنائینگے ۔

جبکہ اسکے بعد فیشن شو کی ریہرسل ، ٹی شرٹس پر ثقافتی پینٹنگ اور دیگر مقابلوں کا انعقاد ہوگا ، فیسٹیول کے آخری روز فیشن شو کا انعقاد ہوگا جس میں خیبرپختونخوا کی ثقافت کو ثقافتی لباس پہن کر پیش کیا جائیگا اور ساتھ ہی کیٹ واک بھی منعقد ہوگی، فیسٹیول میں شامل فائن آرٹس مقابلوں میں ملک بھرسے مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات حصہ لے رہے ہیں ۔

تھیٹرڈراموں میں نوجوان طلباء و طالبات نے معاشرے میں عدم تشدد سمیت مختلف موضوعات پر ڈرامے پیش کئے ، فیسٹیول میں مختلف صوبوں سے آئی ہوئی طالبات کا کہنا تھا کہ تین روزہ فیسٹیول میں خیبرپختونخوا کی ثقافت جاننے سمیت یہاں کی سیاحت و ثقافت کے بارے میں بھی معلومات مل رہی ہے ، فائن آرٹ کے طلباء وطالبات کیلئے اس قسم کے ایونٹس کا انعقاد ضروری ہے تاکہ اپنے ہنر کو دنیا کے سامنے پیش کرسکیں، ہماری کوشش ہے کہ صوبائی ثقافت و سیاحت کی بہترین طریقے سے پینٹنگ و آرٹ کے ذریعے پیش کرسکیں،واضح رہے کہ فیسٹیول میں بنائے جانے والے ماڈلز، ٹی شرٹس اور دیگر تین دن تک نمائش کی صورت میں ڈسپلے کئے جائینگے ۔