230

نوازشریف کیخلاف درخواستوں پر نیا فل بینچ تشکیل

لاہو ر۔ لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواستوں پر ازسر نو فل بینچ تشکیل دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نوازشریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر لیگی رہنماں کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے پر تنقید کی بنیاد پر توہین عدالت کی ایک درجن سے زائد درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے دو سنگل بینچوں کے روبرو یہ درخواستیں زیر سماعت تھیں تاہم جسٹس مظاہر نقوی نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے معاملہ اہم نوعیت کا ہونے کی بنا فل بینچ بنانے کی درخواست کی تھی۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس یاور علی فل بینچ تشکیل دیا تھا تاہم بینچ کے ایک رکن جسٹس شاہد حسن بلال کا تبادلہ ملتان بینچ میں ہونے کے باعث بینچ ٹوٹ گیا۔

چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ نے ان درخواستوں پر جسٹس مظاہر اکبر نقوی کی سربراہی میں نیا فل بینچ تشکیل دے دیا ہے جس میں جسٹس شاہد بلال کی جگہ شاہد مبین کو شامل کیا گیا ہے جب کہ جسٹس عاطر محمود بھی بینچ کا حصہ ہیں۔