17

بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی: 10 دہشت گرد ہلاک

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع ژوب میں 25 فروری کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز نے ایک جامع ایریا سینیٹائزیشن آپریشن کیا، جس کے دوران 10 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

بیان کے مطابق یہ کارروائی 24 فروری کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے تسلسل میں کی گئی، جس میں 8 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کو ہلاک کیا گیا تھا۔ فورسز نے متعدد راستوں پر دہشت گردوں کا سراغ لگا کر ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، اور فائرنگ کے تبادلے میں مزید 10 خوارج مارے گئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک شدہ عناصر علاقے میں متعدد دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھے، اور ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔ قومی ایکشن پلان کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔