26

ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کا مسافر بسوں اور کسٹم آفس پر حملہ، 1 پولیس اہلکار شہید

ڈیرہ اسماعیل خان: ڈیرہ اسماعیل خان میں رات گئے دہشت گردوں نے مسافر بسوں اور کسٹم آفس کو نشانہ بناتے ہوئے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس حکام کے مطابق خوارج عناصر نے نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم پولیس کے کوئیک رسپانس یونٹ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ بروقت جوابی فائرنگ کے باعث دہشت گرد فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔

فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ دو اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی کر کے مشتبہ افراد کی تلاشی لی جا رہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے جبکہ علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ سکیورٹی اداروں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔