29

بغیر رجسٹریشن ٹیکسی اور بائیکیا چلانے والوں کے خلاف کاروائی کا فیصلہ

اسلام آباد میں بغیر رجسٹریشن آن لائن ٹیکسی اور بائیکیا چلانے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے تمام ٹیکسی سروسز کے لیے باضابطہ رجسٹریشن کا نظام متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت تمام ڈرائیورز اور گاڑیوں کی معلومات جمع کی جائیں گی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ کو تمام ٹیکسی سروسز کے سی ای اوز سے رابطہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ سیکرٹری اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو غیر رجسٹرڈ بائیکیا چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈی سی اسلام آباد کے مطابق تمام غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور بائیکیا کی رجسٹریشن ڈیجیٹل آٹومیشن کے ذریعے کی جائے گی، اور اسلام آباد پولیس کو رجسٹریشن ایپ کے تمام ڈیٹا تک رسائی حاصل ہوگی۔

رجسٹریشن کے بعد ڈرائیور کے لیے مسافروں کی تفصیلات ایپ پر اپ لوڈ کرنا لازمی ہوگا، اور مسافر کے شناختی کارڈ نمبر کے اندراج کے بغیر ڈرائیور کو سواری دینے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر کل سے باضابطہ رجسٹریشن کا آغاز کر دیا جائے گا، تاکہ شہر میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو منظم اور محفوظ بنایا جا سکے۔