30

ٹرالر کی موٹرسائیکل سے ٹکر: 2 خواتین، مرد اور بچہ جاں بحق

سندھ کے علاقے محراب پور کے قریب ہالانی لنک روڈ پر ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں دو خواتین، ایک بچہ اور ایک مرد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کے مطابق حادثہ خانواہن اور ہالانی کو ملانے والی لنک سڑک پر پیش آیا۔ جاں بحق خواتین کی شناخت سوبھوڈیرو کی رہائشی ماروی اور ساجدہ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ مرد اور بچے کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹرالر لنک روڈ کے ذریعے اپنی منزل کی جانب جا رہا تھا اور سامنے سے آنے والی موٹرسائیکل سے ٹکرا گیا۔ پولیس کے مطابق لنک سڑکیں بھاری ٹریفک کے لیے موزوں نہیں ہوتیں، جس کے باعث ایسے حادثات کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

حادثے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو ہالانی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے ٹرالر کو تحویل میں لے لیا ہے جبکہ ڈرائیور فرار ہو گیا ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بھاری ٹریفک کے لیے مقررہ راستوں کا استعمال کریں تاکہ انسانی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکے۔