35

کوہاٹ ٹنل کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ، خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق، 13 زخمی

مین انڈس ہائی وے پر کوہاٹ ٹنل کے قریب مسافر کوچ اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کی بس کے درمیان افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت دو افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 13 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کوہاٹ کنٹرول روم نے فوری طور پر ایمرجنسی رسپانس کیا۔ ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں تمام زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کوہاٹ منتقل کر دیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 32 سالہ جمشاد ولد شاہ نواز، سکنہ ٹانک اور ایک نامعلوم خاتون شامل ہیں، جن کی عمر تقریباً 45 سال بتائی جا رہی ہے۔

زخمی ہونے والوں میں خواتین، مرد اور کم عمر بچے بھی شامل ہیں، جن کا تعلق ٹانک، سورگل، پشاور، وزیرستان، لکی مروت، کرک اور تختی نصرتی سے ہے۔ زخمیوں میں 9 سالہ عثمان اور 17 سالہ وصال بھی شامل ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ حادثے کے بعد کچھ دیر کے لیے مین انڈس ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔