کراچی: پولیس نے پی ای سی ایچ ایس میں گھروں میں وارداتیں کرنے والی 5 کروڑ پتی ماسیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ ماسییں گزشتہ 9 سال سے ایک معروف صنعت کار کے بنگلے میں ملازمت کر رہی تھیں اور چوری کی رقم سے گھر، گاڑی، موٹرسائیکل اور دیگر قیمتی اشیا خریدنے کا اعتراف کر لیا۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق گرفتار ماسیاں پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 میں کام کر رہی تھیں۔ گینگ کی سرغنہ عروج نے لاکر کی چابی چوری کر کے صرف 3 ہزار میں ڈپلیکیٹ بنوائی تھی۔ ابتدائی تفتیش میں عروج نے کہا کہ چوری کی رقم سے 39 لاکھ روپے میں گھر، 30 لاکھ میں گاڑی اور 2 لاکھ 60 ہزار میں موٹرسائیکل خریدی گئی۔
پولیس کے مطابق چوری کی رقم سے خریدی گئی گاڑی رینٹ پر دی گئی ہے جبکہ موٹرسائیکل گرفتار ماسی عروج کے شوہر کے استعمال میں ہے۔
گرفتار ماسیوں کی شناخت عروج، سویرا، نائلہ، ثنا اور علشبہ کے ناموں سے ہوئی ہے اور ان کا تعلق وہاڑی، اوکاڑا، فیصل آباد، رحیم یار خان اور کوٹ ادو سے بتایا گیا ہے۔ ماسیوں کے خلاف فیروز آباد تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔
ایس ایس پی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ گھریلو ملازماؤں کو نوکری پر رکھنے سے قبل شناختی کارڈ، کوائف اور پولیس ویری فکیشن لازمی کروائیں تاکہ اس طرح کے واقعات سے بچا جا سکے۔









