88

عام انتخابات عدلیہ کی نگرانی میں کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد ۔ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018عدلیہ کی نگرانی میں کرانے کا فیصلہ کر لیا ،ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق آئندہ انتخابات کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز ،ریٹرننگ افسران کی تعیناتی ماتحت عدلیہ کے جوڈیشل افسران سے کی جائے گی،الیکشن کمیشن نے متعلقہ رجسٹرار ہائیکورٹس کو خطوط ارسال کر تے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز ججز ، ایڈیشنل سیشنز ججز، سینئر سول ججز اور سول ججز کی فہرستیں مہیا کرنے کی درخواست کی ہے۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018عدلیہ کی نگرانی میں کرانے کا فیصلہ کر لیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ انتخابات کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز ،ریٹرننگ افسران کی تعیناتی ماتحت عدلیہ کے جوڈیشل افسران سے کی جائے گی ۔

لہذا الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن ایکٹ2017ء کی شق 50 اور51 کی باالترتیب ذیلی شق 1(سی) اور 1 کی روشنی میں متعلقہ رجسٹرار ہائیکورٹس کو خطوط ارسال کئے ہیں اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز ججز ، ایڈیشنل سیشنز ججز، سینئر سول ججز اور سول ججز کی فہرستیں مہیا کرنے کی درخواست کی ہے۔