ٹیکس آفس پشاور نے ضلع صوابی کے علاقے انبار میں کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں کلو تمباکو کا بھاری ذخیرہ برآمد کر لیا ہے۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق جی ایل ٹی یونٹ مکمل طور پر فعال حالت میں پایا گیا، جہاں سے برآمد شدہ تمباکو میں 5 لاکھ 14 ہزار 596 کلو ہینڈ اسٹیمڈ لیمینا، 35 ہزار 280 کلو تمباکو اسٹیم اور 74 ہزار 800 کلو گرین لیف شامل ہے۔ یہ ذخیرہ ایک نجی ٹوبیکو کمپنی کے نام پر موجود تھا اور یونٹ کے مالک کی شناخت ربنواز کے نام سے ہوئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 کی خلاف ورزی کے نتیجے میں گودام اور تمام مشینری کو سیل کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں اربوں روپے کی ٹیکس چوری کا انکشاف ہوا ہے اور غیر قانونی تمباکو مینوفیکچرنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔
یہ کارروائی خصوصی عدالت سے حاصل کردہ سرچ وارنٹ کے تحت عمل میں لائی گئی، اور اس کیس میں مزید قانونی کارروائی اور تفصیلی تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔









