کرک کے علاقے گرگری دامی بانڈہ میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس موبائل پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں پانچ پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد پولیس موبائل میں آگ بھڑک اٹھی جس سے جانی نقصان ہوا۔
واقعے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ شہید ہونے والے اہلکاروں میں شاہد اقبال، صفدر، عارف اور محمد ابرار شامل ہیں۔
ڈی پی او کرک سعود نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تھانہ گرگری کی حدود میں پولیس گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے پانچ پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دورانِ ڈیوٹی جامِ شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں نے عظیم مثال قائم کی ہے اور سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں پر حملہ درندہ صفت عناصر کی کھلی بربریت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ریاست پوری قوت سے جواب دے گی۔









