181

پوڈکاسٹ کے دوران قتل کیس کی اطلاع، اے ایس پی شہربانو نقوی کی فوری کارروائی سوشل میڈیا پر وائرل

 

سوشل میڈیا پر ایک پوڈکاسٹ کے کلپ نے غیر معمولی توجہ حاصل کی ہے، جس میں اے ایس پی شہربانو نقوی ایک سنجیدہ گفتگو کے دوران اچانک موصول ہونے والی فون کال پر انٹرویو ادھورا چھوڑ کر روانہ ہو جاتی ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کال سنتے ہی اے ایس پی میزبان کو کہتی ہیں: "ایک مرڈر ہوگیا ہے، میں بس آتی ہوں"، اور فوری طور پر کارروائی کے لیے روانہ ہو جاتی ہیں۔ اس کلپ کے بعد ایک گھنٹے کے بعد پوڈکاسٹ دوبارہ جاری ہوتا ہے، جہاں وہ واقعہ کی مختصر تفصیلات فراہم کرتی ہیں۔

اے ایس پی شہربانو کے مطابق، ڈیفنس علاقے میں لین دین کے تنازع پر ایک شخص نے دوسرے کو قتل کیا اور بعد ازاں مقتول کے اہلِ خانہ کو یرغمال بنا لیا۔ اہلِ خانہ کی جانب سے تھانے اطلاع دی گئی، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

یہ کلپ چند منٹ میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا اور صارفین نے مختلف ردعمل ظاہر کیا۔ بعض صارفین نے اے ایس پی کی پیشہ ورانہ لگن اور فوری کارروائی کی تعریف کی، جبکہ دیگر نے طنزیہ انداز میں اسے غیر حقیقی اور مبالغہ آمیز قرار دیا۔

کچھ صارفین نے سوال اٹھایا کہ کیا ایک گھنٹے میں نہ صرف ملزم کی گرفتاری بلکہ واقعہ کی مکمل تفصیلات سامنے آنا حقیقت پسندانہ ہے۔ دوسری جانب حق میں تبصرہ کرنے والوں نے کہا کہ اے ایس پی نے ذاتی مصروفیت کے بجائے ڈیوٹی کو ترجیح دی، جو قابلِ تحسین ہے۔

تا حال اے ایس پی شہربانو نقوی کی جانب سے اس وائرل واقعے پر کوئی باقاعدہ وضاحت یا ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم سوشل میڈیا پر جاری بحث میں یہ سوال زور پکڑ گیا ہے کہ آیا حقیقی کیس کو اس انداز میں ریکارڈ اور ایڈیٹ کر کے عوام کے سامنے پیش کرنا مناسب تھا یا نہیں۔