229

رجسٹرڈ ووٹرزکی تعداد 11 کروڑ تک پہنچنے کا امکان

اسلام آباد۔الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ یکم مئی کو انتخابی فہرستیں منجمد کردی جائیں گی‘ توقع ہے کہ ملک میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 11 کروڑ تک پہنچ جائے گی۔ جمعرات کو الیکشن کمیشن کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق انتخابی فہرستوں میں 73 لاکھ نئے ووٹروں کا اندراج کیا گیا ہے جبکہ 8 لاکھ وفات پاجانے والے یا ترک شہریت کرنے والے ووٹروں کو انتخابی فہرستوں سے نکال دیا گیا ہے۔

اب تک رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 10 کروڑ 40 لاکھ تک پہنچ چکی ہے‘ نئے ووٹروں کے اندراج کا سلسلہ جاری ہے۔ توقع ہے یہ تعداد 11 کروڑ تک پہنچ جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں 15 ہزار کے قریب ڈسپلے مراکز قائم کئے ہیں ٗپنجاب میں 7 ہزار 928، سندھ میں 2 ہزار 585، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 545 جبکہ بلوچستان میں ایک ہزار 429 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ انتخابی فہرستیں ان ڈسپلے مراکز میں عوام کیلئے آویزاں کر دی گئی ہیں۔

ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ یکم مئی سے پہلے اپنے ووٹ کا اندراج یا درستگی کروالیں، یکم مئی کو انتخابی فہرستیں منجمد کر دی جائیں گی جس کے بعد ووٹ کا اندراج، منتقلی یا اخراج نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر اپنا ووٹ 8300 پر ایس ایم ایس کے ذریعے بھی معلوم کر سکتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ کسی شہری کے ووٹ کے اندراج میں مسئلہ ہے تو ضلعی الیکشن کمیشن کے دفتر سے درستگی کروا لیں۔