348

مشرف کیخلاف کیس کی سماعت کرنیوالابینچ پھر ٹوٹ گیا

اسلام آباد۔پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کرنے والا بینچ ایک بار پھر ٹوٹ گیا۔ نئے بینچ کی تشکیل تک سماعت ملتوی کردی گئی۔چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جسٹس یاور علی اور جسٹس طاہرہ صفدر پر مشتمل تین رکنی خصوصی بینچ کیس کی سماعت کر رہا تھا۔سابق صدر پرویز مشرف کے وکلا کی طرف ایک درخواست دائر کی گئی تھی جس میں بینچ کے سربراہ جسٹس یحییٰ آفریدی پر اعتراض اٹھایا گیا تھا۔

درخواست میں کہا گیاتھا کہ جسٹس یحییٰ آفریدی سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے وکیل رہے ہیں،انہیں مشرف کے حوالے سے بغض ہے لہٰذا ان سے انصاف کی توقع نہیں ہے۔ پرویز مشرف کے وکلا کی طرف سے درخواست پر چیمبر میں سماعت ہوئی جس پر فیصلہ محفوظ کیا گیا جسے سناتے ہوئے جسٹس یحییٰ آفریدی نے خود کو بینچ سے الگ کرلیا۔ جسٹس یحییٰ آفریدی نے اپنے حکم میں لکھا کہ گو کہ یہ اعتراض غلط ہے۔

وہ افتخار چوہدری کے وکیل رہے ہیں۔ یہ بات درست ہے کہ جب تین نومبر دو ہزار سات کی ایمرجنسی لگائی گئی تو اس کے خلاف سپریم کورٹ میں جو درخواست دی گئی وہ اس میں شریک درخواست گزار تھے۔ اب جبکہ اعتراض اٹھایا گیا ہے تو انصاف کے تقاضوں کے پیش نظر درست سمجھتا ہوں کہ خود کو مقدمے سے الگ کرلوں۔ بینچ کے سربراہ جسٹس یحییٰ ا?فریدی نے کیس کی سماعت سے معذرت کرلی جس کے بعد بینچ ایک بار پھر تحلیل ہو گیا ہے۔