66

گھوٹکی میں بس اغوا، پولیس اور رینجرز کی کارروائی سے 10 مسافر بازیاب، 1 ہلاک

سندھ کے ضلع گھوٹکی میں گڈوکشمور لنک روڈ پر پیر کی شب صادق آباد سے کوئٹہ جانے والی بس کو ڈاکوؤں نے اوباڑو کے قریب روک کر 19 مسافروں کو اغوا کر لیا۔

پولیس اور رینجرز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 10 مسافروں کو بحفاظت بازیاب کروا لیا ہے، جبکہ ایک مسافر کریم بخش بلیدی دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گیا۔ ان کی لاش گنے کی فصل سے برآمد کر کے ہسپتال اوباڑو منتقل کر دی گئی۔

واقعے کے وقت دیگر مسافر جان بچانے کے لیے کماد کے کھیتوں میں چھپ گئے۔ ڈی آئی جی سکھر فیصل عبداللہ چاچڑ کے مطابق کچے کی طرف جانے والے تمام راستے بند کر دیے گئے، جس سے ڈاکو مغویوں کو وہاں لے جانے میں ناکام ہوئے۔

کارروائی میں ایس ایس پی خیرپور، ایس ایس پی سکھر، ایس ایس پی گھوٹکی اور سکھر رینج کے اہلکار بھی شامل تھے۔ مقابلے کے دوران چند ڈاکو زخمی بھی ہوئے۔

علاقائی پولیس نے مزید کارروائی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے تاکہ باقی مغوی مسافروں کو بازیاب کرایا جا سکے اور ڈاکوؤں کو گرفتار کیا جا سکے، تاکہ ضلع میں امن و امان کی صورتحال بحال ہو۔