45

’را‘ سے منسلک 12 مبینہ دہشت گرد گرفتار: بھاری مقدار میں اسلحہ، بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، آئی ای ڈی بم اور نقدی بھی برآمد

محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے مختلف شہروں میں کامیاب کارروائیوں کے دوران بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے مبینہ تعلق رکھنے والے 12 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق لاہور، بہاولپور اور فیصل آباد میں کی گئی کارروائیوں میں ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، آئی ای ڈی بم اور نقدی بھی برآمد ہوئی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے پاس سے حساس تنصیبات اور اداروں کی تصاویر، ویڈیوز اور لوکیشنز بھی ملی ہیں۔ اس کے علاوہ مدارس اور ایک مقامی میلے کی تصویریں اور ویڈیو ریکارڈنگز بھی برآمد ہوئی ہیں۔ حکام کے مطابق ملزمان پنجاب میں خوف و ہراس پھیلانے اور مذہبی منافرت کو ہوا دینے کے منصوبے پر کام کر رہے تھے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق لاہور سے گرفتار ملزمان میں سکھ دیپ سنگھ، عظمت، فیضان، نبیل، ابرار، عثمان اور سرفراز شامل ہیں جبکہ فیصل آباد سے دانش کو حراست میں لیا گیا۔ بہاولپور سے گرفتار افراد کے نام تاحال جاری نہیں کیے گئے۔

ترجمان نے بتایا کہ گرفتار افراد سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان کے نیٹ ورک کے بارے میں اہم انکشافات کی توقع ہے۔