108

ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس: عدالت میں 3 مزید گواہان کے بیانات ریکارڈ، سماعت 6 دسمبر تک ملتوی

ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے کیس کی سماعت کی۔

عدالت میں سرکاری وکیل راجہ نوید حسین پیش ہوئے اور پراسکیوشن کے مزید 3 گواہان کے بیانات ریکارڈ کر لیے گئے۔ ان گواہان میں ملزم عمر حیات کو گاڑی فراہم کرنے والے شوروم کے مالک، ڈرائیور اور پولیس اہلکار شامل تھے۔ وکلاء صفائی کی جانب سے گواہان پر جرح نہیں ہو سکی۔

اب تک اس کیس میں مجموعی طور پر 13 گواہان کے بیانات عدالت میں ریکارڈ ہو چکے ہیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 6 دسمبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ 2 جون کو اسلام آباد میں 17 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف کو ان کے گھر میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ مقتولہ کی والدہ فرزانہ یوسف کی مدعیت میں پولیس نے مقدمہ سمبل پولیس اسٹیشن میں دفعہ 302 کے تحت درج کیا اور بعد ازاں ملزم عمر حیات کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

ثنا یوسف اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر تقریباً 8 لاکھ فالوورز اور انسٹاگرام پر تقریباً 5 لاکھ فالوورز کی حامل مشہور سوشل میڈیا شخصیت تھیں۔