53

راولپنڈی: بچوں سے زیادتی کے مقدمات میں ملوث مجرم پولیس مقابلے میں ہلاک

راولپنڈی کے تھانہ رتہ امرال کی حدود میں پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں بچوں اور بچیوں سے زیادتی کے متعدد مقدمات میں مطلوب ملزم مارا گیا، جب کہ اس کے دو ساتھی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت محمد عباس کے نام سے ہوئی، جس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ ملزم معصوم بچی کے اغوا کے مقدمے میں رتہ امرال پولیس کو مطلوب تھا، علاوہ ازیں راولپنڈی اور لاہور میں بچوں کے اغوا اور زیادتی کے متعدد کیسز میں بھی ریکارڈ یافتہ تھا۔ ذرائع کے مطابق اس کے خلاف بچوں سے زیادتی کے کئی غیر رپورٹ شدہ واقعات کی اطلاعات بھی موجود تھیں۔

ترجمان پولیس کے مطابق ملزمان کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا گیا، جس پر انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران سب انسپکٹر محمد اویس گولی لگنے سے زخمی ہوئے، تاہم بلٹ پروف جیکٹ کے باعث محفوظ رہے۔ جوابی کارروائی میں ملزم محمد عباس شدید زخمی ہوا جسے اسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے، جب کہ فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک تمام ملزمان کو گرفتار نہیں کر لیا جاتا۔