کرپشن کیس میں پولیس حراست سے فرار ہونے والے سابق اے ڈی سی راولپنڈی اقبال سنگھیڑا کو راولپنڈی پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کو گرفتاری کے بعد کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا جا رہا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اقبال سنگھیڑا 13 نومبر کو راولپنڈی سے لاہور منتقلی کے دوران چکری ریسٹ ایریا سے فرار ہوا تھا۔ اس کے فرار کے بعد پولیس نے تین مختلف ٹیمیں تشکیل دیں جن کی سربراہی اور نگرانی ایس پی صدر ڈویژن انعم شیر خان کو سونپی گئی تھی۔
دوسری جانب، فرار میں غفلت برتنے والے چار پولیس اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا ہے جبکہ ان کا موبائل ڈیٹا بھی حاصل کر لیا گیا ہے تاکہ ان کے ملزم یا دیگر عناصر سے رابطے کی تصدیق کی جا سکے۔ ملزم کے فرار میں استعمال ہونے والی گاڑی کے ڈیٹا اور رجسٹریشن تفصیلات کے لیے مراسلات مختلف اضلاع کے ایکسائز دفاتر اور این ایچ اے کو بھیج دیے گئے ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ گاڑی موٹروے کے کس ٹول پلازہ سے خارج ہوئی۔
واضح رہے کہ اقبال سنگھیڑا اینٹی کرپشن عدالت راولپنڈی میں پیشی کے بعد لاہور جیل منتقلی کے دوران فرار ہوا تھا۔ اس واقعے کے بعد اس کے بھائی سمیت چھ نامعلوم ملزمان اور چار پولیس اہلکاروں پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔









