113

شرافی گوٹھ میں فائرنگ: بریانی سینٹر کا مالک سابق ملازم کے ہاتھوں زخمی

کراچی کے علاقے شرافی گوٹھ میں فائرنگ کے واقعے میں بریانی سینٹر کا مالک زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ سابق ملازم کے ہاتھوں پیش آیا، جو فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق فائرنگ لانڈھی کے علاقے میں دلدار ہوٹل کے قریب ہوئی، جس کے نتیجے میں 31 سالہ یاسر ولد خواجہ محمد زخمی ہوگیا۔ زخمی کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ایس ایچ او شرافی گوٹھ قمر عباس کے مطابق زخمی یاسر بریانی سینٹر کا مالک ہے، جس نے چند روز قبل اپنے ایک ملازم کو نوکری سے فارغ کیا تھا۔ زخمی نے الزام عائد کیا ہے کہ اسی سابق ملازم نے انتقامی کارروائی کے طور پر فائرنگ کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔